پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان،

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان، ڈیزل 40 اور پیٹرول 10 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہونے کی توقع

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 18 جولائی سے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 40 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں تقریباً 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کی توقع ہے۔ قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی بڑی وجہ ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں کا بڑھنا بتایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ کم کرنے کے لیے حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی سمیت مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے تاکہ قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے اثرات کو کسی حد تک محدود کیا جا سکے۔ تاہم حتمی فیصلہ آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے بعد کیا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل کمیٹی آن مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈینیشن نے بعض عناصر کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

کمیٹی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ہدایت کی ہے کہ ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا حتمی اعلان وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ جائزے کے بعد کیا جائے گا، جبکہ موجودہ اعداد و شمار اور تجاویز تاحال ابتدائی تخمینوں پر مبنی ہیں۔

Related posts

نان بائی ایسوسی ایشن اور محکمہ خوراک کے درمیان روٹی اور نان کی قیمتوں کے تعین پر اختلافات برقرار

حکومت اور کالعدم ایکشن کمیٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی کی فراہمی سے متعلق ایک خصوصی اجلاس