ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ، ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پاکستانی اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں امریکا کی جانب سے پاکستان سے ایران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے دو پاکستانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گزشتہ ہفتے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے براہ راست ٹیلی فونک گفتگو کی گئی۔

رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی جانب سے رابطے کا بنیادی مقصد پاکستان سے یہ درخواست کرنا تھا کہ وہ ایران پر اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے تہران کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے میں کردار ادا کرے۔

ذرائع کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اور مذاکرات سے متعلق سفارتی کوششیں اہم مرحلے میں تھیں۔ تاہم فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کے درمیان ہونے والی گفتگو کے دیگر نکات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کے دفتر سے اس حوالے سے تبصرے کی درخواست کی گئی، تاہم فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق دستیاب معلومات سے یہ بھی واضح نہیں کہ صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ٹیلی فونک رابطے میں ایران کے علاوہ کن دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران

دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر آج ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جہاں ان کی ایرانی حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تہران پہنچنے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ایران علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی سفارتی اور سیاسی کوششوں کا حصہ ہے۔

پاکستان کی جانب سے متعدد مواقع پر اس عزم کا اظہار کیا جا چکا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور اختلافات کے پرامن حل کیلئے سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران کو اسی تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب خطے کی صورتحال اور ایران سے متعلق سفارتی معاملات عالمی سطح پر توجہ کا مرکز ہیں۔

رائٹرز کی رپورٹ میں امریکی صدر کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطے اور ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کیلئے پاکستان سے کردار ادا کرنے کی درخواست کا ذکر سامنے آنے کے بعد دورہ ایران کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

تاہم، امریکی صدر اور پاکستانی عسکری قیادت کے درمیان ہونے والی گفتگو کے مکمل مندرجات اور دورہ ایران کے دوران ہونے والی تمام ملاقاتوں کے نتائج کے بارے میں باضابطہ تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔

Related posts

عمران خان کی قید اور مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے کا جمائما خان کا برطانوی حکومت سے مطالبہ

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال