چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے

اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں انہوں نے تہران میں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ایران کے دورے پر ہیں اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

تہران پہنچنے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی رابطوں اور کوششوں کو آگے بڑھا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے دورہ ایران کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے حل کے لیے کوششوں کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورہ ایران کو خطے میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔

دورے کے دوران اعلیٰ سطح کے رابطوں کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت خطے میں جاری بحران کے سفارتی حل کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

پاکستان اس سے قبل بھی مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے سفارتی سطح پر رابطے کرتا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایران آمد کو بھی انہی سفارتی کوششوں کے تسلسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تہران میں ہونے والی ملاقاتیں اس حوالے سے اہم سمجھی جا رہی ہیں کہ خطے میں جاری کشیدگی کے اثرات نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ وسیع تر علاقائی امن و سلامتی پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

پاکستان کا مؤقف رہا ہے کہ خطے کے تنازعات کا پائیدار حل مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی مشاورت کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ فریقین کے درمیان کشیدگی میں کمی خطے کے امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

Related posts

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم دورے پر ایران پہنچ گئے

ٹرمپ کا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ، ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پاکستانی اثر و رسوخ استعمال کرنے کی درخواست

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال