پراکسیز، منفی پروپیگنڈے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور استحکام سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی,عاصم منیر

کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پراکسیز، منفی پروپیگنڈے اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے ذریعے پاکستان کی ترقی اور استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والی دشمن قوتیں اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیرِ تربیت افسران اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید جنگی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، اس لیے افسران کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے تقاضوں سے مکمل طور پر آگاہ رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹاف کالج کے فارغ التحصیل افسران ہمیشہ اپنی غیر معمولی کارکردگی، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ لگن کے باعث نمایاں رہے ہیں۔ افسران اور جوانوں کی مسلسل تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ بدلتے جنگی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز نے بلوچستان میں تعینات فارمیشنز کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے امن و امان کے قیام، ریاستی رٹ کی بحالی اور دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز میں افواجِ پاکستان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جعلی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور پراکسی وار کے ذریعے پاکستان کے ترقیاتی سفر کو نہیں روکا جا سکتا اور دشمن عناصر عوام کے اتحاد اور ریاستی اداروں کی مضبوطی کے سامنے ناکام ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پائیدار ترقی، عوام دوست حکمتِ عملی، مؤثر سکیورٹی اقدامات اور بہتر طرزِ حکمرانی ہی قومی استحکام کی بنیاد ہیں۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی ترقی، عوامی فلاح اور ریاست و عوام کے درمیان اعتماد کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو بھی سراہا۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کام جاری رکھیں گے تاکہ صوبے میں ترقی، خوشحالی اور عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جاسکے۔

Related posts

آئی ایس پی آر کا بھارتی آرمی چیف کے بیان پر سخت ردعمل، خطے کو جنگ سے بچانے پر زور

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف مقامات پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان سے ملاقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال