کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوشش

کراچی: کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ جوابی آپریشن کے دوران تین حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک زخمی افغان دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ آوروں نے رینجرز کیمپ کے مرکزی گیٹ پر دھماکا کرنے کے بعد اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے دہشتگردوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کارروائی کے دوران پاکستان رینجرز کے تین بہادر جوان وطن پر قربان ہو گئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کے تحت سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر ناکام بنایا جائے گا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں دی جانے والی یہ قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور حملے کے ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیاں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر پاکستان رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور بروقت کارروائی کو سراہا۔

Related posts

کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی کوشش

مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، دو افسران شہید

عیدالاضحیٰ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ژوب میں اگلے مورچوں کا دورہ، جوانوں کے ساتھ عید منائی