ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، کارروائی کے دوران پاک فوج کے کیپٹن حمزہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 7 اگست کو ہنگو میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 7 کارندے ہلاک ہوگئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ مارے گئے خوارج متعدد شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران کیپٹن حمزہ نے جوانمردی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ کیپٹن حمزہ اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے دہشتگردوں کا مسلسل تعاقب کر رہے تھے اور اسی دوران وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کردی۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائی کے بعد علاقے میں موجود ممکنہ دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی شروع کردیا، جس کا مقصد علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنا اور دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کا سراغ لگانا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔