کشمیر پاکستان ہےکشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی،مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 19 جولائی یومِ قراردادِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں، ثابت قدمی اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 19 جولائی 1947 وہ تاریخی دن ہے جب کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کرکے اپنی منزل کا واضح تعین کر دیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ الحاق کا فیصلہ ایک مستند اور ناقابلِ تردید حقیقت ہے، جو ان کی قربانیوں اور پاکستان سے گہرے جذباتی تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "کشمیر پاکستان ہے، اور پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔” مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں، اور ان کی غیر متزلزل جدوجہد نے ظلم کے خلاف تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر بھارت کے مظالم کو بے نقاب کیا اور دنیا کو اس کا مکروہ چہرہ دکھایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ صرف جغرافیائی حدود تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مشترک عقیدہ، تہذیب، ثقافت اور شہداء کی قربانیوں سے بندھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ کشمیریوں کی طویل اور صبر آزما جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی، اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لیں گے۔

Related posts

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ