اعجاز چوہدری کے نااہل ہونے پر خالی سینیٹ کی نشست پر الیکشن کا شیڈول جاری

لاہور: پنجاب سے  پی ٹی آئی کے اعجاز چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست پر الیکشن 9 ستمبر کو ہوگا۔ 

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 19 اگست سے 20 اگست تک جمع کروا سکتے ہیں اور  21 اگست کو امیدواروں کی پہلی لسٹ جاری ہوگی۔

ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق 23 اگست تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد 26 اگست تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی جبکہ اپیلیٹ ٹریبونل 28 اگست تک اپیلوں پر فیصلہ کرے گا۔ ترجمان کا بتانا ہے کہ 29 اگست کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ جاری کی جائے گی، 30 اگست تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جب کہ 9 ستمبر کو پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہوگی اور ارکان پنجاب اسمبلی ووٹ ڈالیں گے۔

ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر  پنجاب شریف اللہ ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ پولنگ صبح  9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ 

واضح رہے کہ سینیٹ کی یہ نشست  9 مئی کیس میں ملنے والی سزا کے بعد پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری کے نااہل ہونے پر خالی ہوئی تھی۔ 

Related posts

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ