وزیراعظم سے بات ہونے کے باوجود سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر ہو رہی ہے، بلاول

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو  زرداری کا کہنا ہے کہ  وزیراعظم شہباز شریف  سے  بات ہونے کے باوجود سیلاب متاثرین کی امداد میں تاخیر ہو رہی ہے۔

سکھر میں میڈيا سے گفتگو کرتے ہوئے  چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے  کہا کہ  میں نے  وزیرا‏عظم  شہباز شریف سے بات کی تھی کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد پہنچائی جائے لیکن 2 ہفتے گزرنے کے بعد بھی پنجاب کے عوام ابھی تک امداد کے منتظر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  میں وفاق سے سندھ کےعوام کے لیے بھی یہی درخواست دہراؤں گا، سیلاب سے ڈيڑھ ارب ڈالرز کا نقصان ہوگا لہٰذا ملک بھر میں زرعی ایمرجنسی نافذ کرنی چاہیے۔

دوران گفتگو بلاول بھٹو نے  مزید کہا کہ پیپلزپارٹی ڈیمز کی حمایت کرتی ہے لیکن دریائے سندھ پر ڈیم بنانے کے شوشے کیوں چھوڑے جا رہے ہيں ، سیلاب گزرنے کے بعد متنازع ایشوز  پر بات کریں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے  سیلاب متاثرہ علاقوں میں کسانوں کے بجلی بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا