سعودی عرب کیساتھ معاہدے میں کسی اور ملک کی شمولیت کا دروازہ بند نہیں کیا: وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف  کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدے میں کسی اور ملک کی شمولیت کا کہنا قبل از وقت ہے مگر اس کا دروازہ بند بھی نہیں کیا گیا۔

 چوائس نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ  دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان یا سعودی عرب میں سے کسی بھی ایک ملک پر کہیں سے بھی حملہ ہوا تو یہ دونوں ملکوں پر حملہ تصور ہوگا اور مل کر اس کا جواب دیا جائے گا۔

 وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق  سعودی عرب کے ساتھ معاہدے سےپاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، معاہدے میں کسی اور ملک کی شمولیت کا کہنا قبل از وقت ہے مگر اس کا دروازہ بند بھی نہیں کیا گیا۔ 

دوسری جانب  لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ڈیڑھ سال سے خارجہ پالیسی بڑی کامیابی سے چل رہی ہے، حرمین شریفین کی حفاظت کی سعادت پاکستان کو نصیب ہونا فخرکی بات ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین "اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے،معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔

Related posts

بحیرہ احمر میں حوثیوں کا تجارتی جہاز پر حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی

قائم علی شاہ کی بیٹی کی ریٹائرمنٹ سے ایک روز قبل 3 سالہ تقرری، پی ایم اینڈ ڈی سی پالیسی پر سوالات

رانا ثنااللہ کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے سسٹم سے متعلق حالیہ بیان پر وضاحت