مجھے پیرول پر رہا کریں، افغانستان کا معاملہ امن سے حل کروں گا: عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں پیرول پر رہا کیا جائے تاکہ وہ افغانستان کے معاملے کو امن کے ذریعے حل کر سکیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کی بہن نورین خان نے ان کا پیغام میڈیا کو پہنچایا۔ نورین خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ انہیں افغانستان کی صورتحال پر تشویش ہے اور وہ اس مسئلے کے پرامن حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا:

“افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، جہاں 45 سال سے جنگ جاری ہے۔ ہمارے ملک سے افغان مہاجرین واپس گئے ہیں، جو تین نسلوں سے یہاں مقیم تھے۔ انہیں جلدی اور زبردستی نکالا گیا، جس سے ان کے دلوں میں ہمارے خلاف دکھ اور تکلیف پیدا ہوگی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پیدا ہونے والے حالات کو سیاستدانوں کو حل کرنا چاہیے۔

“مجھے پیرول پر رہا کریں، میں افغانستان کا معاملہ امن کیلئے حل کروں گا۔”

عمران خان نے حالیہ مذہبی جماعت کے واقعے پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اداروں سے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تاکہ 9 مئی سمیت چار اہم واقعات کی شفاف تحقیقات کی جا سکیں۔

انہوں نے اپنی جماعت کو ہدایت دی کہ جمعے کے روز خیبر پختونخوا میں احتجاج کیا جائے۔

خیال رہے کہ افغان طالبان کی درخواست پر پاکستان نے 48 گھنٹوں کے لیے سیز فائر کا اعلان کیا ہے، جو آج شام 6 بجے سے نافذالعمل ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق سیز فائر کا مقصد دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے امن کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا