وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یومِ سیاہ پر خصوصی پیغام: “کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی جدا نہیں کر سکتا”

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ (27 اکتوبر) کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کا دن تاریخِ عالم کا سیاہ ترین باب ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ “27 اکتوبر کے اس سیاہ باب کی سیاہی آج بھارتی قیادت کے چہرے پر نمایاں ہے”۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ اقوامِ عالم کا مسئلہ بن چکا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کرے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “پاکستان نے آپریشن بنیانِ مرصوص میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، اور آج بھارتی قیادت اسی شرمندگی کے باعث وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔”

مریم نواز شریف نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو عظیم قرار دینا بھارت کے لیے ایک اور سفارتی شکست ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ “کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی طاقت انہیں جدا نہیں کر سکتی۔” وزیراعلیٰ نے کہا کہ “کشمیر ی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، اور مقبوضہ وادی میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔”

Related posts

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران اللہ تعالیٰ نے پاکستان سے اہم کام لیا،اسحاق ڈار

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں محرم الحرام کے مجالس اور جلوسوں کے لیے گزشتہ فول پروف سکیورٹی، سہولیات اور نگرانی کے غیر معمولی انتظامات جاری

پنجاب کی عوام کے لیے ایک نہیں، دو نہیں بلکہ تین بڑی خوشخبریاں سامنے آگئیں