بلوچستان پولیس کی سخت کارروائی: ڈیوٹی رپورٹ نہ کرنے والے لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں روک دی گئیں

بلوچستان پولیس نے اپنے مختلف اضلاع میں ڈیوٹی رپورٹ نہ کرنے والے لیویز اہلکاروں کے خلاف سخت اقدامات کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ فورس کے نظم و ضبط اور عملی تیاری کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق بعض لیویز اہلکار بارہا ہدایات کے باوجود اپنے متعلقہ اضلاع میں رپورٹ نہیں کر رہے تھے، جس سے پولیس کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہو رہے تھے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ایس ایس پیز اور ایس پیز کو متعدد بار ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنے اضلاع میں تعینات اہلکاروں کو فوری طور پر رپورٹ کرنے پر مجبور کریں۔ تاہم مسلسل عدم تعمیل کے بعد اب ان اہلکاروں کی تنخواہیں معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق جو اہلکار اپنے مقررہ اضلاع میں تاحال رپورٹ نہیں کر سکے، ان کی تنخواہیں آئندہ احکامات تک معطل رکھی جائیں گی۔ یہ حکم نامہ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اسٹیبلشمنٹ) عنایت اللہ بنگلزئی نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کی جانب سے جاری کیا ہے۔

بلوچستان پولیس کی اس کارروائی کا مقصد فورس میں نظم و ضبط قائم کرنا اور تعیناتیوں کی مکمل کارکردگی کو یقینی بنانا ہے۔

Related posts

بلاول بھٹو کی شادی کی خبریں، آصف زرداری کے لیختن شٹائن جانے کا دعویٰ، مرتضیٰ وہاب نے تردید کردی

گل پلازہ سانحہ: انتظامیہ نے معلوم نقائص دور نہیں کیے، جوڈیشل کمیشن رپورٹ جاری

پمز آتشزدگی: تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش، 8 ذمہ داران معطل کرنے کی منظوری