پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں پر جعلی کیو آر کوڈز کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کیے جانے کا خدشہ

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے بجلی کے بلوں پر جعلی کیو آر کوڈز کے ذریعے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کیے جانے کے خدشے کے پیش نظر اہم ایڈوائزری جاری کردی ہے۔ حکام نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سائبر جرائم میں ملوث عناصر مختلف حربے استعمال کرکے صارفین کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق بعض عناصر بجلی صارفین کو ایک مخصوص لنک پر کلک کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، جہاں انہیں چار مختلف مراحل میں اپنی ذاتی معلومات درج کرنے کا کہا جاتا ہے۔ معلومات فراہم کرنے کے بعد صارفین کو اسی لنک پر 6 ہندسوں پر مشتمل ایک کوڈ درج کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے، جس کے ذریعے حساس معلومات تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی کے بل یا سبسڈی سے متعلق معلومات صرف متعلقہ سرکاری نظام میں ہی محفوظ ہوتی ہیں اور کسی اضافی لنک، ویب سائٹ یا پلیٹ فارم پر معلومات درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کا طریقہ کار مکمل طور پر غیرقانونی اور دھوکا دہی پر مبنی ہے۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بعض جرائم پیشہ عناصر جعلی کیو آر کوڈز اور فشنگ لنکس استعمال کرکے صارفین کا ذاتی ڈیٹا، بینک معلومات اور موبائل تصدیقی کوڈز حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جس سے مالی نقصان کا بھی خدشہ پیدا ہوسکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق معاملے سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے اور مشتبہ سرگرمیوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی نامعلوم لنک یا کیو آر کوڈ کو اسکین نہ کریں اور نہ ہی سبسڈی یا رعایت کے نام پر کسی ڈیجیٹل یا کاغذی فارم میں اپنی معلومات درج کریں۔

پاور ڈویژن نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر انہیں مشکوک پیغام، لنک یا کیو آر کوڈ موصول ہو تو فوری طور پر متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی یا سائبر کرائم حکام سے رابطہ کریں تاکہ ممکنہ فراڈ سے بچا جا سکے۔

Related posts

سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو اڈیالہ جیل جانے سے روک دیاگیا، راستےکی بندش سے شہری مشکلات سے دوچار

ٹک ٹاکر ثنا یوسف قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی

دی ہیگ ثالثی عدالت میں پاکستان کی اہم کامیابی، بھارت کے آبی منصوبوں پر مؤقف تسلیم