لاہور میں مسلم لیگ (ن) کا اعلیٰ سطحی اجلاس، آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی پر غور

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں ایک اہم اور اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ سیاسی، انتظامی اور انتخابی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر کی قیادت، پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک واضح اور اصولی موقف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت ملنا چاہیے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ کشمیری عوام کے سیاسی، آئینی اور انسانی حقوق کی حمایت کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور حکومت میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو بنیادی حقوق، تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں میں ترجیح دی۔ آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 کے تحت عوام کو مکمل شہری اور سیاسی آزادیاں حاصل ہیں، لہٰذا تمام سیاسی اور سماجی قوتوں کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانی چاہئیں۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے جدوجہد کی جانی چاہیے اور مسلم لیگ (ن) تمام جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر خطے میں جمہوری اقدار کے فروغ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات کے دوران سرکاری اہلکاروں اور شہریوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا مشترکہ وطن ہے اور ہمیں باہمی احترام، رواداری اور بھائی چارے کے ساتھ رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جبکہ پاکستان نے بھی ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھتے ہوئے ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے۔ محمد نواز شریف نے جموں و کشمیر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے نظریاتی اور فکری رشتے کو برقرار رکھتے ہوئے امن اور استحکام کو فروغ دیں، دھرنوں اور احتجاجی سرگرمیوں کا خاتمہ کرکے بامقصد مذاکرات کی راہ اختیار کریں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام، حکومت آزاد کشمیر، حکومت پاکستان اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر خطے میں امن کی بحالی، سیاسی استحکام اور انتخابی عمل کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کریں گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور ملکی دفاعی اداروں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جنہیں مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھائی چارے، برداشت اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ایسے عمل کا حصہ نہیں بننا چاہیے جو قومی یکجہتی اور استحکام کو نقصان پہنچائے۔

اجلاس کے شرکاء نے آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ واقعات کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کی انتخابی مہم کو مؤثر انداز میں منظم کرنے اور شب و روز محنت کرنے پر وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔ محمد نواز شریف نے انتخابی تیاریوں اور تنظیمی امور میں ان کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے پارٹی کے لیے ان کی خدمات کی تعریف کی۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور خطے میں جمہوری عمل کے استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

Related posts

بجٹ میں ٹیکس رعایتوں کی مکمل تفصیلات جاری نہ کرنے کا فیصلہ، حکومت نے اعداد و شمار ظاہر کرنے سے گریز کیا

بجٹ پر حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان تنازع برقرار، بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں خطاب مؤخر کر دیا

محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی اور مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، مریم نواز