ٹیکس نظام میں بڑی تبدیلی، ٹیکس دہندگان اور افسران کا براہِ راست رابطہ ختم کیا جائے گا: وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کے لیے اہم اصلاحات متعارف کرا رہی ہے، جن کے تحت ٹیکس دہندگان اور ٹیکس افسران کے درمیان براہِ راست رابطے کا خاتمہ کر دیا جائے گا اور اس کی جگہ جدید “فیس لیس سسٹم” نافذ کیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بجٹ کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے معیشت کی بہتری کے لیے جو سمت متعین کی تھی، اس پر عمل درآمد کے باعث اقتصادی اشاریوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے خطے کی حالیہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مؤثر سفارتی اور دفاعی حکمت عملی کے نتیجے میں جنگ کے بادل چھٹ گئے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کی صنعتیں فعال انداز میں کام کر رہی ہیں جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس میں تبدیل ہو چکا ہے، جو معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ برآمدات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں تقریباً 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی کارکردگی کے حوالے سے مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی جاتی رہی ہے، تاہم حکومت مثبت اور تعمیری تنقید کا خیرمقدم کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ انسانی مداخلت کم سے کم ہو اور شفافیت میں اضافہ ہو۔

محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ نئے فیس لیس سسٹم کے نفاذ سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے گی، بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور ٹیکس نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

Related posts

9 مئی مقدمہ: یاسمین راشد، محمود الرشید، عمر چیمہ اور اعجاز چوہدری کو 10،10 سال قید، شاہ محمود قریشی بری

پنجاب اسمبلی کے بجٹ میں 6 ارب 35 کروڑ روپے کی بڑی کٹوتی، متعدد نئے منصوبے مؤخر

ٹیلی کمیونیکیشن بل پر تنازعہ: نجم سیٹھی کا وزیراعظم سے شزا فاطمہ کو ہٹانے کا مطالبہ