جنوبی پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں، مریم نواز کی قیادت میں تاریخی اقدامات کیے گئے: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں ترقی، عوامی فلاح اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ریکارڈ منصوبے شروع کیے گئے ہیں، جن کے مثبت اثرات براہِ راست عوام کی زندگیوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 125 الیکٹرک بسوں کی فراہمی جدید، ماحول دوست اور عوامی سہولت پر مبنی ٹرانسپورٹ انقلاب کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دے کر ہر تحصیل تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ہاؤسنگ منصوبہ ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو 15 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق ملتان، مظفرگڑھ، بہاولپور اور دیگر اضلاع سے لاکھوں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ ہزاروں مستحق خاندانوں کو قرضے بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے طلبہ و طالبات میں اب تک 10 ہزار 244 لیپ ٹاپس اور 33 ہزار 4 سکالرشپس تقسیم کی جا چکی ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ بائیک اسکیم کے تحت 8 ہزار 444 بائیکس فراہم کی گئی ہیں، جن میں ای بائیکس اور پیٹرول بائیکس دونوں شامل ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کسان کارڈ اور لائیو سٹاک کارڈ اسکیموں کے ذریعے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے اربوں روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق جنوبی پنجاب کے مختلف ڈویژنز میں ہزاروں کسانوں کے اکاؤنٹس فعال کیے جا رہے ہیں تاکہ انہیں آسان شرائط پر قرضے اور دیگر سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اسکول میل پروگرام کے تحت پسماندہ اضلاع میں بچوں کو روزانہ دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، جس سے طلبہ کے داخلوں اور حاضری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق پروگرام کے دائرہ کار کو مزید اضلاع تک توسیع دی گئی ہے اور اب لاکھوں طلبہ اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ستھرا پنجاب، صاف پانی، بیوٹیفکیشن، رمضان نگہبان پیکیج، دھی رانی پروگرام اور مینارٹی ویلفیئر سمیت متعدد فلاحی اقدامات عوامی ریلیف کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی سے انفراسٹرکچر بہتر ہوا ہے اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا نیا دور شروع ہو چکا ہے، جس سے ان علاقوں میں بھی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ’’ایک پنجاب، یکساں ترقی‘‘ ہے اور پنجاب حکومت عملی اقدامات کے ذریعے صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے بجائے وہاں ہونے والی ترقی کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

Related posts

ملکی استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے ضروری ہے کہ مسلح افواج اور عدلیہ جیسے اہم اداروں کا احترام برقرار رکھا جائے،علی محمد خان

برگن اسٹاک میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے تکنیکی مذاکرات آج ہوں گے

امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی مذاکرات کل سوئٹزرلینڈ میں، پاکستان ثالثی کا کردار جاری رکھے گا