فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اہم ملاقات

اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اہم ملاقات کی جس میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری پیش رفت، امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے جاری سفارتی اقدامات پر گفتگو کی۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطے میں مذاکرات کے فروغ، کشیدگی میں کمی اور استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے تعمیری، متوازن اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل اور سفارتی ذرائع کے استعمال کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے علاقائی تنازعات کے حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے مختلف علاقائی فریقین کے درمیان مفاہمت اور اعتماد سازی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ مثبت، پرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ نور خان ایئر بیس آمد پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا