چلڈرن اسپتال لاہور میں شہری کی مبینہ خودکشی کی کوشش، واقعے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم
لاہور: چلڈرن اسپتال لاہور میں سکیورٹی گارڈز سے مبینہ جھگڑے کے بعد ایک شہری کی جانب سے خودکشی کی کوشش کے واقعے پر اسپتال انتظامیہ نے فوری تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق پروفیسر عمران سعید کو تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ کمیٹی واقعے سے متعلق تمام حقائق اور حالات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خودکشی کی کوشش کے واقعے تک پیش آنے والے تمام واقعات کی چھان بین کرے اور اس سلسلے میں متعلقہ عملے، سکیورٹی اہلکاروں اور عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کرے۔
تحقیقات کے دوران اسپتال میں اضافی تیمارداروں کے داخلے پر پابندی سے متعلق پالیسی اور اس پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ واقعے کے دوران قواعد و ضوابط پر کس حد تک عمل کیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق کمیٹی انتظامی، طریقہ کار یا آپریشنل سطح پر کسی بھی ممکنہ غفلت کا تعین کرے گی اور اگر کسی فرد یا شعبے کی ذمہ داری سامنے آئی تو اس کی نشاندہی کرتے ہوئے مناسب کارروائی کی سفارشات بھی پیش کرے گی۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات اور اصلاحی تجاویز مرتب کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی اپنی مکمل رپورٹ 24 گھنٹوں کے اندر میڈیکل ڈائریکٹر کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں مزید انتظامی اور تادیبی اقدامات کیے جائیں گے۔