لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سانحہ کاہنہ کے بعد صوبے میں خستہ حال اور کمزور گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے “اپنا گھر، محفوظ گھر” پروگرام شروع کرنے کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ سانحہ کاہنہ کے غم کو پنجاب کے ہر گھر کو محفوظ بنانے کے عزم میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت “اپنی چھت اپنا گھر” اور “اپنی زمین اپنا گھر” پروگراموں سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کی کامیابی کے بعد اب حکومت نے اس کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے “اپنا گھر، محفوظ گھر” کے نام سے دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی اسکیم کے تحت کمزور چھتوں، خستہ حال اور مخدوش گھروں کی مرمت اور محفوظ بنانے کے لیے مستحق خاندانوں کو 5 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ جن شہریوں کو اپنے گھروں پر نئی منزل یا اضافی فلور تعمیر کرنا ہوگا، انہیں 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کی نئی کیٹیگری کو تین روز کے اندر عوام کے لیے لانچ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کے گھر مخدوش ہیں یا جن کی چھتیں کمزور ہو چکی ہیں، پنجاب حکومت انہیں محفوظ اور بہتر بنانے میں ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔
اجلاس میں “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کی کامیابی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں کے لیے بلاسود قرض منظور کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو قرض جاری کیا جا چکا ہے۔ منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 217.8 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار 343 گھر مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 27 ہزار 500 سے زائد گھر تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ صوبے بھر سے 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد بے گھر خاندانوں نے “اپنی چھت اپنا گھر” پروگرام کے تحت درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔
اجلاس میں “اپنی زمین اپنا گھر” پروگرام پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت 23 اضلاع میں 2 ہزار بے گھر خاندانوں کو مفت پلاٹ فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ جن دو ہزار خاندانوں کو حکومت مفت پلاٹ دے چکی ہے، انہیں گھر کی تعمیر کے لیے آسان شرائط پر قرض بھی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو قرض کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کے دوران باکو میں قائم “پنجاب پاکستان پویلین” کی شاندار کامیابی پر بھی رپورٹ پیش کی گئی اور اس حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “بحران میں بیانات نہیں، اقدامات نظر آنا ہی گڈ گورننس ہے۔” انہوں نے واضح کیا کہ “اپنی چھت اپنا گھر” اور اس سے منسلک تمام منصوبے پنجاب حکومت کے فلیگ شپ پروگرامز ہیں اور ان میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غریب عوام پر کسی قسم کا اضافی مالی بوجھ نہ ڈالا جائے اور نہ ہی قرض کے حصول کے ضوابط میں ایسی کوئی تبدیلی کی جائے جس سے مستحق شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔