وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں عالمی صورتحال کے تناظر میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت صوبائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں عالمی صورتحال کے تناظر میں ملکی حالات، صوبائی امور، قانون سازی، جیل اصلاحات اور عوامی فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو باہمی ہم آہنگی، جمہوری روایات اور مثبت پارلیمانی ماحول کے فروغ کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی کا عمل مزید تیز اور فعال ہو۔
اس موقع پر جیل اصلاحات کے لیے قانون سازی سے متعلق مختلف امور بھی زیر غور آئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بطور سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی جانب سے حکومتی اور اپوزیشن اراکین کو قانون سازی کے عمل میں مؤثر انداز میں شریک کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قانون سازی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے پیش کی جانے والی پالیسی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں، خصوصاً “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم پر بھی گفتگو ہوئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے اس منصوبے کے اجراء کو کسان دوست اور عوامی فلاح کا اہم اقدام قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو قرعہ اندازی کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم پوری حکومتی ٹیم کی مشترکہ محنت اور کامیابی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر روز نئے منصوبے متعارف کرا رہی ہے تاکہ ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر شہری تک پہنچ سکیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی خصوصی توجہ اب پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے، جہاں جدید انفراسٹرکچر، الیکٹرک بسوں کی فراہمی اور زراعت کے شعبے میں جدید مشینری متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” سکیم کے تحت 30 ہزار بے روزگار خاندانوں کو زمین اور روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں، جس سے نہ صرف زرعی شعبہ مستحکم ہوگا بلکہ دیہی معیشت کو بھی نئی توانائی ملے گی۔