بلوچستان: صوبے کے علاقے شعبان میں پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں سکیورٹی فورسز نے تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔ تازہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کو فضائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 9 دہشتگرد مارے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک شعبان کے علاقے میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 88 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
سکیورٹی ذرائع نے اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رہے گا، اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔