خطے میں بڑھتی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، سفارت کاری ہی پائیدار امن کا واحد راستہ ہے: عاصم افتخار

پاکستان سلامتی کونسل میں جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد کے لیے عالمی برادری سے تعاون کا مطالبہ

نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے تشدد، محاذ آرائی اور عدم استحکام کا سلسلہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت کاری، مسلسل مذاکرات اور تعمیری بات چیت ہی تمام متنازع امور کے پائیدار اور قابل قبول حل کا واحد راستہ ہیں۔

سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ بندی کو مستحکم بنانے اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ موجودہ حساس صورتحال میں ایسے بیانات اور اقدامات سے اجتناب کیا جانا چاہیے جو غلط فہمیوں، اشتعال یا مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام متعلقہ فریقوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تحمل سے کام لینا چاہیے تاکہ مذاکراتی عمل متاثر نہ ہو۔

عاصم افتخار نے مزید کہا کہ اس وقت تمام تر توجہ اور کوششیں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر مؤثر اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے پر مرکوز ہونی چاہئیں، کیونکہ یہی پیش رفت خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشیدگی میں کمی، مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے تاکہ خطہ مزید عدم استحکام سے محفوظ رہ سکے۔

Related posts

پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا

پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا

بلوچستان کے ساحل پر حادثے کا شکار ہونے والے نجی کارگو طیارے کی تحقیقات میں اہم پیش