پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا

لاہور: پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور منصوبے سے متعلق تمام ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) سے منصوبے کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا ہے تاکہ تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی عمل کے دوران منصوبے سے متعلق جاری کیے گئے این او سیز، منظور شدہ نقشوں، ڈیزائن میں ہونے والی مبینہ تبدیلیوں اور دیگر قانونی و انتظامی منظوریوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بے ضابطگی یا قواعد کی خلاف ورزی کا تعین کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق رنگ روڈ سروس ایریا منصوبے پر 75 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، جبکہ سرکاری واجبات کی مد میں 3 کروڑ 17 لاکھ 84 ہزار روپے جمع کرائے گئے تھے۔ تحقیقاتی حکام ان مالی معاملات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ تمام سرمایہ کاری اور ادائیگیوں کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دورِ حکومت میں راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کا معاملہ منظر عام پر آیا تھا، جس کے بعد اس وقت کے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی۔ اب پنجاب حکومت نے ایک بار پھر اس معاملے کی جامع تحقیقات شروع کرتے ہوئے تمام متعلقہ ریکارڈ اور منظوریوں کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

Related posts

پنجاب حکومت نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے ڈیزائن میں مبینہ تبدیلی کے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا آغاز کر دیا

بلوچستان کے ساحل پر حادثے کا شکار ہونے والے نجی کارگو طیارے کی تحقیقات میں اہم پیش

شعبان میں پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور پولیس کی جانب سے مشترکہ آپریشن