ماشکیل میں مسلح افراد کی فائرنگ، 5 مزدور جاں بحق
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے ایک دکان پر کام کرنے والے مزدوروں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پانچوں افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد صوبے کے باہر سے آئے ہوئے مزدور تھے، جو ماشکیل میں روزگار کے سلسلے میں مقیم تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد مقتولین کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جا رہی ہیں۔ واقعے کی نوعیت اور محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون خصوصی شاہد رند نے ماشکیل میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 5 افراد کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ حکومت بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات میں مصروف ہے۔