وانا میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام

وانا: سکیورٹی فورسز نے ضلع وانا میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر خودکش حملے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی اور اس کے ساتھ موجود موٹر سائیکل کو آبادی سے دور اس وقت نشانہ بنایا گیا جب یہ ممکنہ طور پر دہشتگرد کارروائی کے لیے استعمال ہونے والی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اداروں کو مشتبہ گاڑی کی نقل و حرکت کے بارے میں بروقت اطلاع ملی تھی، جس کے بعد اسے مسلسل تین روز تک خفیہ نگرانی میں رکھا گیا۔ حکام کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب گاڑی گنجان آبادی سے دور پہنچ گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ ایک مبینہ خارجی دہشتگرد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کا بنیادی مقصد ممکنہ خودکش حملے کو وقوع پذیر ہونے سے پہلے روکنا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے وانا میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے وانا اور گرد و نواح کی آبادی کو ایک بڑی تباہی سے محفوظ رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل کو حملے سے قبل تباہ کرنا سکیورٹی اداروں کی مؤثر حکمت عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ خودکش حملے کا منصوبہ بروقت ناکام بنانا قابلِ ستائش کامیابی ہے، اور ملک کے امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے والے سکیورٹی اہلکار پوری قوم کی جانب سے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔

Related posts

وانا میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ، اوگرا عالمی منڈی کے مطابق نرخ جاری کرے گی

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ، اوگرا عالمی منڈی کے مطابق نرخ جاری کرے گی