حکومت اور پیٹرول پمپس مالکان کے درمیان کامیاب مذاکرات

اسلام آباد: حکومت اور پیٹرول پمپس مالکان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی کال واپس لیتے ہوئے احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ڈیلرز کے منافع (مارجن) میں اضافے اور دیگر مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد کل ہونے والی ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مثبت پیش رفت کے باعث فی الحال احتجاج روک دیا گیا ہے تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ندیم خان نے کہا کہ حکومتی حکام نے یقین دلایا ہے کہ پمپ مالکان کے تمام جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ ان کے مطابق توقع ہے کہ آئندہ دو ہفتوں کے اندر پمپس مالکان کے کمیشن سے متعلق معاملہ حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ یومیہ قیمتوں کے تعین کے نظام کو بھی دو ہفتوں کے لیے آزمائشی بنیادوں پر نافذ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کے نتائج کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیٹرول پمپس مالکان اور ڈیلرز کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ دو ہفتوں میں ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ اگر اس دوران معاملات مکمل طور پر حل نہ ہو سکے تو دوبارہ مذاکرات کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ تمام فریقین کے لیے قابل قبول حل نکالا جا سکے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی صورت ناجائز منافع خوری کی حوصلہ افزائی نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر مقامی قیمتوں پر منتقل کیا جاتا ہے، اسی طرح عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی شفاف طریقے سے عوام تک پہنچایا جائے گا۔

حکومت اور ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور صارفین کو ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

Related posts

نبیحہ علی خان نے اپنے شوہر حارث کھوکھر سے خلع حاصل کرنے کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کر لیا

آبنائے ہرمز بحران: پاکستان نے خام تیل کے متبادل ذرائع کی تلاش تیز کر دی، ریفائنریوں کو ہنگامی ہدایات

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کتنے ٹیکس اور مارجنز شامل؟ تفصیلات سامنے آگئیں