مریم نواز کی جانب سے جدید ترین 10 الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر پہنچا دی گئی

مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا انتخابی وعدہ پورا کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے جدید ترین 10 الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر پہنچا دی گئی ہیں۔

اسلام آباد سے روانہ ہونے والا الیکٹرک بسوں کا قافلہ مظفرآباد پہنچا تو مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، کارکنوں اور مقامی شہریوں نے نعروں کی گونج میں بسوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنوں نے بسوں پر پھول نچھاور کیے اور اس اقدام کو آزاد کشمیر کے عوام کے لیے ایک اہم تحفہ قرار دیا۔

الیکٹرک بسوں پر آویزاں بینرز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تصویر کے ساتھ “آزاد کشمیر کے لیے تحفہ” کے الفاظ درج تھے، جبکہ بسوں کو جدید سفری سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو معیاری، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی جا سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مظفرآباد میں اپنے پہلے انتخابی جلسے کے دوران آزاد کشمیر کے عوام کے لیے جدید الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مختصر مدت میں انتظامات مکمل کرتے ہوئے 72 گھنٹوں کے اندر اپنا وعدہ عملی طور پر پورا کر دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں جدید ٹرانسپورٹ کی فراہمی سے شہریوں کو سفری سہولتیں بہتر میسر آئیں گی، جبکہ ماحول دوست الیکٹرک بسوں کے استعمال سے جدید اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

Related posts

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا پیپلز پارٹی کے ترجمانوں اور بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل

وفاقی حکومت کا 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ

محکمہ موسمیات نے آج رات اور جمعہ کے روز شدید بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کا الرٹ جاری کر دیا