ووٹ امانت ہے، کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کریں، عبدالعلیم خان کی اپیل

اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں اپنے ووٹ کا استعمال ذمہ داری، سیاسی شعور اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کریں، کیونکہ ووٹ صرف حکومتوں کی تبدیلی کا ذریعہ نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل، خطے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کا فیصلہ بھی کرتا ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے پاس ایک اہم موقع موجود ہے کہ وہ اپنی رائے کے ذریعے ایسا مستقبل منتخب کریں جو ترقی، خوشحالی، بااختیار حکمرانی اور معاشی استحکام کی ضمانت بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک امانت ہے، اس لیے اسے ذاتی وابستگیوں، وقتی نعروں یا جذبات کے بجائے کارکردگی، دیانت داری اور عوامی خدمت کو سامنے رکھ کر استعمال کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خطے میں مقامی سطح پر ریونیو پیدا کرنے کے مؤثر ذرائع قائم کیے جائیں۔ ان کے مطابق جب تک آزاد کشمیر اپنی معیشت کو مضبوط نہیں بنائے گا اور اپنی آمدنی میں اضافہ نہیں کرے گا، اس وقت تک بڑے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے خواب کو عملی جامہ پہنانا ممکن نہیں ہوگا۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت کو ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہوگا جہاں مقامی اور بیرونی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعت و تجارت کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے معیشت مستحکم ہوگی اور نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

عبدالعلیم خان نے آزاد کشمیر کی قدرتی خوبصورتی اور سیاحتی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطہ دلکش وادیوں اور بے مثال سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے، اس لیے سیاحت کو جدید خطوط پر استوار کرنا ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاحتی شعبے میں بنیادی سہولیات بہتر بنائی جائیں اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے تو نہ صرف حکومتی ریونیو میں اضافہ ہوگا بلکہ مقامی معیشت مضبوط ہوگی، کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی اور ہزاروں افراد کو روزگار ملے گا۔

انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات ہر پانچ سال بعد اپنی تقدیر بدلنے کا موقع فراہم کرتے ہیں، اس لیے ووٹ ڈالتے وقت اپنے بچوں کے مستقبل، اپنے علاقے کی ترقی اور آزاد کشمیر کی خوشحالی کو ترجیح دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بڑے بڑے وعدے کرنے والے مگر اقتدار میں آ کر انہیں پورا نہ کرنے والے عناصر کو دوبارہ آزمانے کے بجائے ایسے امیدواروں کا انتخاب کیا جائے جن کی کارکردگی، دیانت داری اور عوامی خدمت سب کے سامنے ہو۔

عبدالعلیم خان نے خصوصی طور پر نوجوانوں، بالخصوص بیٹوں اور بیٹیوں سے اپیل کی کہ وہ صرف خود ووٹ ڈالنے تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے والدین، بزرگوں اور اہل خانہ کو بھی پولنگ اسٹیشن لے کر جائیں اور انہیں ووٹ کی اہمیت کا احساس دلائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے خاندانوں میں سیاسی شعور بیدار کریں اور ایسے نمائندوں کے انتخاب کو یقینی بنائیں جو میرٹ، دیانت، خدمت اور ترقی کے واضح وژن کے حامل ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری ووٹ ڈالنے سے پہلے اپنے علاقے کی محرومیوں، آزاد کشمیر کو درپیش مسائل، ماضی کی ناانصافیوں اور عوام سے کیے گئے ادھورے وعدوں کا ضرور جائزہ لے تاکہ درست فیصلہ کیا جا سکے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے پیغام کے اختتام پر تمام کشمیری عوام سے جمہوری عمل میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ووٹ کی طاقت کو پہچانیں اور ایسا فیصلہ کریں جو آزاد کشمیر کو زیادہ ترقی یافتہ، خوشحال، مضبوط، بااختیار اور ہر شعبہ زندگی میں بہتر بنانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی عوامی خدمت، شفاف طرز حکمرانی، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، نوجوانوں کے روزگار اور آزاد کشمیر کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related posts

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل

مریم نواز کی جانب سے جدید ترین 10 الیکٹرک بسیں آزاد کشمیر پہنچا دی گئی

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا پیپلز پارٹی کے ترجمانوں اور بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل