آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ن لیگ سبقت لے گئی، 13 میں سے 10 نشستوں کے نتائج مکمل

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ کے بعد نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 10 حلقوں کے مکمل غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج سامنے آ چکے ہیں جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 7 نشستیں اپنے نام کر لی ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 3 نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔

پیر کو میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں صبح سے شام 5 بجے تک پولنگ جاری رہی۔ مقررہ وقت پر پولنگ ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشنز پر موجود ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے ایک گھنٹے کی اضافی مہلت دی گئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے حلقہ ایل اے 1 میرپور 1، ایل اے 4 میرپور 4، ایل اے 7 بھمبر 3، ایل اے 9 کوٹلی 2، ایل اے 11 کوٹلی 4، ایل اے 12 کوٹلی 5 اور ایل اے 13 کوٹلی 6 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایل اے 2 میرپور 2، ایل اے 3 میرپور 3 اور ایل اے 8 کوٹلی 1 میں میدان مار لیا۔

حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 میں مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 2 میرپور 2 میں پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12 ہزار 904 ووٹ حاصل کرکے کامیابی سمیٹی جبکہ ن لیگ کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 3 میرپور 3 میں پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ حاصل کر سکے۔

ایل اے 4 میرپور 4 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد نے 20 ہزار 172 ووٹ حاصل کیے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

بھمبر کے حلقہ ایل اے 7 میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری طارق فاروق نے 35 ہزار 490 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

کوٹلی کے حلقہ ایل اے 8 میں پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 966 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 9 کوٹلی 2 میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم نے 31 ہزار 80 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 11 کوٹلی 4 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21 ہزار 751 ووٹ حاصل کر سکے۔

ایل اے 12 کوٹلی 5 میں مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان نے 35 ہزار 168 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30 ہزار 320 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

ایل اے 13 کوٹلی 6 میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 856 ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 15 ہزار 859 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب تین حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ بھمبر کے حلقہ ایل اے 5 میں 176 میں سے 115 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور کو برتری حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف دوسرے نمبر پر ہیں۔

حلقہ ایل اے 6 بھمبر 2 میں 195 میں سے 100 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق آگے ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

کوٹلی کے حلقہ ایل اے 10 میں ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین کو برتری حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن دوسرے نمبر پر ہیں۔

اب تک سامنے آنے والے نتائج کے مطابق میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ (ن) نے پہلے مرحلے میں نمایاں برتری حاصل کر لی ہے، تاہم باقی تین نشستوں کے نتائج کے بعد مجموعی سیاسی تصویر مزید واضح ہوگی۔

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

تاریخی لاہور کے ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور قدیم شہر کی اصل شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم پیش

میرپور، کوٹلی اور بھمبر ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول