میرپور، کوٹلی اور بھمبر ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے میرپور، کوٹلی اور بھمبر ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں پولنگ مکمل ہونے کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے میں آیا، جبکہ اب تک سامنے آنے والے مکمل نتائج کے مطابق دونوں جماعتیں دو، دو نشستیں اپنے نام کر چکی ہیں۔

پولنگ کا مقررہ وقت شام پانچ بجے ختم ہوا، تاہم پولنگ اسٹیشنوں پر موجود ووٹرز کو حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے ایک گھنٹے کی اضافی مہلت دی گئی۔ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی اور مختلف حلقوں سے مرحلہ وار غیر سرکاری نتائج موصول ہونا شروع ہوئے۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے-2 میرپور 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12 ہزار 904 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے-3 میرپور 3 میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11 ہزار 676 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 9 ہزار 832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب حلقہ ایل اے-4 میرپور 4 میں مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد نے 20 ہزار 172 ووٹ حاصل کر کے کامیابی سمیٹی، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اسی طرح حلقہ ایل اے-9 کوٹلی 2 میں مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 80 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 509 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

دیگر حلقوں کے موصول ہونے والے جزوی نتائج کے مطابق ایل اے-1 میرپور 1 میں 139 میں سے 107 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق 12 ہزار 303 ووٹوں کے ساتھ آگے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 7 ہزار 278 ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔

ایل اے-5 بھمبر 1 میں 115 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 21 ہزار 573 ووٹ لے کر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 18 ہزار 406 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے-6 بھمبر 2 میں 100 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 21 ہزار 210 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان چوہدری 11 ہزار 354 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

ایل اے-7 بھمبر 3 میں 51 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 9 ہزار 178 ووٹ حاصل کرکے برتری برقرار رکھے ہوئے ہیں جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 5 ہزار 64 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

کوٹلی کے حلقوں میں بھی سخت مقابلہ جاری ہے۔ ایل اے-8 کوٹلی 1 کے ابتدائی 10 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 1 ہزار 221 ووٹ لے کر معمولی برتری رکھتے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 1 ہزار 174 ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔

ایل اے-10 کوٹلی 3 میں 36 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 6 ہزار 999 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فتح محمود الحسن 3 ہزار 560 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ایل اے-11 کوٹلی 4 کے ابتدائی دو پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج میں پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 254 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد آصف نے 148 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

ایل اے-12 کوٹلی 5 میں 40 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 2 ہزار 613 ووٹ لے کر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے محمد ریاست خان 1 ہزار 255 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ادھر ایل اے-13 کوٹلی 6 کے 110 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 13 ہزار 63 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد ولید انقلابی 8 ہزار 995 ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔

Related posts

تاریخی لاہور کے ثقافتی ورثے کے تحفظ، بحالی اور قدیم شہر کی اصل شناخت کو برقرار رکھنے کے لیے اہم پیش

پاکستان پیپلز پارٹی کا آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں وفاقی حکومت کی مبینہ مداخلت اور سرکاری وسائل کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوران مبینہ دھونس، غنڈہ گردی اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہی ہے