اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں وفاقی حکومت کی مبینہ مداخلت اور سرکاری وسائل کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور اس کی انتظامی مشینری کسی بھی قسم کی انتخابی مداخلت سے گریز کرے تاکہ عوام آزادانہ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور سرکاری وسائل کے مبینہ استعمال پر پیپلز پارٹی کو شدید تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولنگ کے روز بھی بعض وفاقی وزراء مختلف سرکاری ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری مقامات پر موجود ہیں، جس پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی متعدد بار الیکشن کمیشن کو خطوط ارسال کر چکی ہے، جن میں مطالبہ کیا گیا کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے اثر و رسوخ سے پاک رکھا جائے اور سرکاری وسائل کے استعمال کو فوری طور پر روکا جائے تاکہ تمام جماعتوں کو یکساں مواقع میسر آ سکیں۔
رانا ثنا اللہ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ جس پولنگ اسٹیشن پر اعتراضات کیے جا رہے ہیں وہاں تعینات پولنگ عملہ خود ایک پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کے گھر پر مقیم تھا، اس لیے بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کو اپنی عوامی حمایت پر یقین ہے تو اسے الزامات عائد کرنے کے بجائے انتخابی میدان میں مقابلہ کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ انتخابات صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ اور ہر قسم کے دباؤ سے آزاد ہوں۔
ندیم افضل چن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت انتخابی دھاندلی برداشت نہیں کرے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو آزادانہ طور پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان شاء اللہ آزاد کشمیر کے عوام اپنی مرضی، شعور اور جمہوری حق کے مطابق درست فیصلہ کریں گے۔