وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی، جبکہ ملک میں آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، توانائی کے شعبے میں اصلاحات، اوگرا کی کارکردگی بہتر بنانے اور پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ملک کی توانائی ضروریات، ریفائننگ سیکٹر کی بہتری اور پالیسی پر عملدرآمد کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ آئل ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک میں بہتر معیار کے ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن پاکستان کی توانائی سلامتی کا ایک بنیادی ستون ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے، ماحول دوست ایندھن کی پیداوار بڑھانے اور فضائی آلودگی میں کمی لانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق کی جانے والی ترامیم کا مقصد یورو-5 معیار کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار کو فروغ دینا، فرنس آئل اور کم معیار کی پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں کمی لانا اور ریفائننگ سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اصلاحات متعارف کرائی جائیں تاکہ توانائی کی منڈی میں شفافیت، مسابقت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ نئی پالیسی پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ترمیم شدہ آئل ریفائننگ پالیسی کو عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کیے جائیں تاکہ توانائی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔

وزیراعظم نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق پالیسی ترامیم کی تیاری پر وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

اجلاس میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ہنگامی حالات میں توانائی کی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کیا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

Related posts

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں ن لیگ سبقت لے گئی، 13 میں سے 10 نشستوں کے نتائج مکمل