تحریک انصاف نے مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

درخواست پی ٹی آئی لاہور کے صدر میاں عثمان اکرم کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ درخواست گزار پی ٹی آئی لاہور کے صدر ہیں اور 5 اگست کو مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد کرنا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے 22 جولائی کو ڈپٹی کمشنر لاہور کو باقاعدہ درخواست دی گئی، تاہم تاحال اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نامے کے معاملے کو غیر ضروری طور پر التوا کا شکار رکھا جا رہا ہے، جس کے باعث سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرامن جلسہ منعقد کرنا ہر شہری اور ہر سیاسی جماعت کا آئینی و جمہوری حق ہے، جسے بلاجواز محدود نہیں کیا جا سکتا۔

پی ٹی آئی نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کو جلسے کی اجازت سے متعلق دائر درخواست پر قانون کے مطابق فوری فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے۔ ساتھ ہی عدالت سے یہ بھی درخواست کی گئی ہے کہ درخواست پر فیصلہ کرنے میں تاخیر کو غیر آئینی قرار دیا جائے تاکہ آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے درخواست پر سماعت کی تاریخ بعد میں مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

Related posts

راولا کوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں

آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے ترقی، کارکردگی اور جدت کو ووٹ دیا,عظمی بخاری

پاکستان تحریک انصاف میں مجوزہ ’’عمران خان ریلیز فورس‘‘ کے قیام کا منصوبہ