سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم مفاہمتی اجلاس

مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران انتخابی نتائج پر پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان اہم مفاہمتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں جماعتوں نے محاذ آرائی میں مزید اضافہ نہ کرنے اور انتخابی عمل کے باقی مراحل کو پرامن ماحول میں مکمل کرانے پر اتفاق کیا۔

ذرائع کے مطابق مظفرآباد میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور نیئر بخاری شریک ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی رانا ثناء اللہ اور امیر مقام نے کی۔

اجلاس میں میرپور کے انتخابی نتائج کے بعد سامنے آنے والے تنازع، دھاندلی کے الزامات اور دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے سخت بیانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے ایک دوسرے کے سامنے اپنے تحفظات اور اعتراضات کھل کر پیش کیے اور سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ ہونے سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی سے منظم انتخابی دھاندلی کے الزامات کے ثبوت طلب کیے، جس پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ ان کے اعتراضات پورے انتخابی عمل پر نہیں بلکہ صرف چار حلقوں، ایل اے 5، ایل اے 9، ایل اے 11 اور ایل اے 12، تک محدود ہیں جہاں ان کے بقول سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر اعتراضات صرف چار حلقوں تک محدود ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دیگر حلقوں کے نتائج کو تسلیم کیا جا رہا ہے، جہاں دونوں جماعتوں نے کامیابی حاصل کی۔

اجلاس میں آئندہ مرحلوں، خصوصاً مظفرآباد میں ہونے والی پولنگ کے دوران امن و امان کی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ دونوں جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پولنگ اسٹیشنوں کے اندر اور اطراف میں اسلحہ لے جانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے تاکہ ووٹنگ کا عمل پرامن، شفاف اور بلاخوف و خطر مکمل ہو سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات وفاقی اتحادی حکومت میں شامل دونوں جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی تلخی کم کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دی جا رہی ہے، تاکہ آزاد کشمیر کے انتخابات کا باقی عمل سیاسی کشیدگی سے متاثر نہ ہو اور وفاقی سطح پر دونوں اتحادی جماعتوں کے تعلقات بھی برقرار رہیں۔

Related posts

پاکستان کا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقریباً 16 ہزار افغان خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کے ملک میں قیام میں توسیع دینے کا فیصلہ

تحریک انصاف نے مینارِ پاکستان میں جلسہ منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

راولا کوٹ میں مسلح حملہ آور مختلف عمارتوں پر مورچہ بند ہو کر سکیورٹی فورسز پر حملے کر رہے ہیں