پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کیلئے سول ایوارڈز کی منظوری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات اور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 355 پاکستانی و غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد سول اعزازات دینے کی تقریب 23 مارچ 2027 کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں قومی اعزازات سے نوازا جائے گا۔

شوبز اور فنون لطیفہ کی شخصیات بھی اعزازات کی حقدار

سول ایوارڈز کی فہرست میں فنون لطیفہ اور شوبز سے وابستہ متعدد معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔ گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کو ستارہ امتیاز دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

اداکارہ غزالہ کیفی، ثانیہ سعید اور ماریہ واسطی جبکہ گلوکار ذوہیب حسن کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا۔ گلوکار شیراز اپل کیلئے تمغہ امتیاز کی منظوری دی گئی ہے۔

کھیل کے میدان میں نمایاں کارکردگی

کھیلوں کے شعبے میں شوٹر کشمالہ طلعت کو تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جائے گا، جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد بھی تمغہ حسن کارکردگی کے حقدار قرار پائے ہیں۔

وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام کیلئے اعزازات

اعلیٰ حکومتی اور سرکاری شخصیات کیلئے بھی اہم سول اعزازات کی منظوری دی گئی ہے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزرا احد چیمہ اور محمد اورنگزیب جبکہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔

ڈی جی انٹیلی جنس بیورو فواد اسداللہ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور سیکریٹری کامرس جواد پال کیلئے ستارہ امتیاز کی منظوری دی گئی ہے۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا، جبکہ پبلک سروس کے شعبے میں خدمات پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔

بہادری اور قربانیوں کا اعتراف

آزاد کشمیر میں شرپسندوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والی زوبیہ خورشید راجہ کو تمغہ شجاعت دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

زوبیہ خورشید راجہ نے ایک زخمی پولیس اہلکار کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر شرپسندوں کے نرغے سے بچایا تھا۔ ان کی بہادری اور جرأت کو قومی سطح پر سراہتے ہوئے سول اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 46 شہدا کو بھی ستارہ شجاعت سے نوازا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہید گروپ کیپٹن عاصم طارق کیلئے بھی ستارہ شجاعت کی منظوری دی گئی ہے۔

صحت، انتظامی امور اور سرکاری خدمات

سی ای او ڈریپ ڈاکٹر عبیداللہ کو ستارہ امتیاز جبکہ ڈی جی ستھرا پنجاب بابر صاحب دین کو تمغہ امتیاز دیا جائے گا۔

صحافیوں کیلئے بھی سول اعزازات

صحافت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو بھی سول ایوارڈز کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

سینئر صحافی صالح ظافر اور حاجی نواز رضا کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا، جبکہ صحافی عمار مسعود، ماریہ ذوالفقار، عادل شاہزیب اور حماد حسن کیلئے تمغہ امتیاز کی منظوری دی گئی ہے۔

قائداعظم کے معالجین کیلئے بعدازمرگ اعزاز

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے معالجین ڈاکٹر جل رتن جی پٹیل اور ڈاکٹر جل ڈائبو کو ان کی خدمات کے اعتراف میں بعدازمرگ نشان قائداعظم سے نوازا جائے گا۔

غیر ملکی شخصیات بھی اعزازات کی فہرست میں شامل

پاکستان اور دوست ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں خدمات کے اعتراف میں متعدد غیر ملکی شخصیات کیلئے بھی قومی اعزازات کی منظوری دی گئی ہے۔

سعودی شہزادہ سعود بن نائف کو ہلال پاکستان سے نوازا جائے گا۔

ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان، وزیر دفاع یاسر گلار اور وزیر تجارت عمر بولات کو ستارہ پاکستان دینے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر خالد عباس الاسدی اور ڈاکٹر پال جیکب بھٹی کو تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

صدر مملکت کی جانب سے سول اعزازات کی منظوری دراصل مختلف شعبوں میں ملک و قوم کیلئے خدمات انجام دینے والی پاکستانی اور غیر ملکی شخصیات کے کردار کا قومی سطح پر اعتراف ہے۔ اعزازات کی باقاعدہ تقریب 23 مارچ 2027 کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہوگی۔

Related posts

پاکستان اور ناروے کا انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن اور پولیس ٹریننگ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کا بھارت کو دوٹوک پیغام

بحیرہ احمر میں حوثیوں کا تجارتی جہاز پر حملہ، 3 پاکستانی جاں بحق، ایک زخمی