جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں توسیع، شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

لاہور: پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک میں مزید شدت آگئی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 12 ربیع الاول کے بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کردیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں حکومت کو خبردار کیا کہ جماعت اسلامی کا احتجاج محض مذاکرات یا یقین دہانیوں پر ختم نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور دیگر مطالبات پر عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یہ توقع نہ رکھے کہ دھرنا ختم کرنے کے بدلے صرف وعدے قبول کرلیے جائیں گے۔ دھرنا اسی وقت ختم ہوگا جب حکومت مطالبات تسلیم کرکے ان پر عملدرآمد شروع کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بجلی، پیٹرول اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، ایسے میں مزید مالی بوجھ ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے حکومت کی جانب سے آٹا اور چینی کے معاملات پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مافیاز کی موجودگی میں ملکی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔ کسانوں کو سستی کھاد نہ ملنے اور حکومتی وسائل کے غیر ضروری استعمال پر بھی انہوں نے تحفظات کا اظہار کیا۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جنگی حالات میں بھی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ان پر مزید بوجھ ڈالا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مافیاز نے حکومت کے ساتھ مل کر 7 لاکھ 65 ہزار ٹن چینی درآمد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی خواتین بھی حکومتی پالیسیوں کے خلاف میدان میں نکل چکی ہیں اور احتجاجی تحریک عوامی سطح پر آگے بڑھ رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ گورنر ہاؤسز کے باہر جاری دھرنے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے جبکہ 12 ربیع الاول کے بعد احتجاج کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی شکل دی جائے گی۔

جماعت اسلامی کے مطابق پیٹرولیم لیوی کے خلاف ملک بھر میں جاری دھرنے آٹھویں روز میں داخل ہوگئے ہیں اور حکومت پر مطالبات تسلیم کرنے کے لیے دباؤ بڑھایا جا رہا ہے۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا