پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے: نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد: مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپنے پہلے خطاب میں مسئلہ کشمیر، خطے کی ترقی اور حکومتی ترجیحات پر تفصیلی اظہار خیال کیا۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے تو کشمیر بھی پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔ مسئلہ کشمیر محض زمین کے ایک ٹکڑے کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے۔
نومنتخب وزیراعظم آزاد کشمیر نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔ کشمیری عوام کی جدوجہد ان کے بنیادی حق خودارادیت کے حصول کے لیے ہے۔
انہوں نے افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے کشمیری عوام سکون کی نیند سوتے ہیں۔ بیرسٹر افتخار گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں بھی عوامی فلاح اور ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، کشمیر میں اسی طرح تبدیلی لانے کی کوشش کریں گے جس طرح پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی نے حکومتی ترجیحات بیان کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں بھرتیوں کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے این ٹی ایس کی طرز پر تھرڈ پارٹی ریکروٹمنٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں انٹرنیٹ سمیت مختلف مسائل موجود ہیں، تاہم حکومت حالات کو بہتر بنانے اور آزاد کشمیر کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب لے جانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اسکلڈ بیسڈ ایجوکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں اصلاحات لائی جائیں گی۔
نومنتخب وزیراعظم نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ڈیجیٹل سٹیزن پورٹل شروع کرنے کا بھی اعلان کیا، جس کے ذریعے شہری اپنی شکایات اور مسائل براہ راست حکومت تک پہنچا سکیں گے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے 17ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والی رائے شماری میں بیرسٹر افتخار گیلانی نے 30 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے سردار مختار خان کو 14 ووٹ ملے۔
بیرسٹر افتخار گیلانی پہلی مرتبہ 2011 میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ ماضی میں آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔
حالیہ انتخابات میں بیرسٹر افتخار گیلانی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر ٹیکنو کریٹ نشست سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں انہیں وزیراعظم کے امیدوار کے طور پر حتمی کیا گیا تھا۔
نومنتخب وزیراعظم نے اپنے پہلے خطاب میں واضح کیا کہ ان کی حکومت کا فوکس مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں گورننس، تعلیم، صحت، روزگار، ڈیجیٹل سہولیات اور شفاف بھرتیوں کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔

Related posts

پمز آتشزدگی: تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش، 8 ذمہ داران معطل کرنے کی منظوری

پمز آتشزدگی: تحقیقاتی کمیٹی کی عبوری رپورٹ وزیراعظم کو پیش، 8 ذمہ داران معطل کرنے کی منظوری

پمز میں نومولود بچوں کی اموات جھلسنے سے نہیں، دھواں اور کالک سانس کے ذریعے جسم میں جانے سے ہوئیں: ایگزیکٹو ڈائریکٹر