گورنربلوچستان کا دورہ روس، مقصد کیا ہے؟

گورنربلوچستان شیخ جعفرمندوخیل پانچ روزہ دورہ پر روس پہنچ گئے۔ 

روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرز برگ پہنچنے پر ان کا استقبال مقامی حکام نے کیا۔

شیخ جعفرمندوخیل کےساتھ بلوچستان کی تین جامعات کے وائس چانسلرز بھی سینٹ پیٹرزبرگ پہنچے ہیں جن میں لورالائی یونیورسٹی، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگری کلچر اور یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلرز شامل ہیں۔

گورنربلوچستان کی سربراہی میں یہ وفد سینٹ پیٹرزبرگ میں روسی حکام سے سترہ اور اٹھارہ اپریل کو ملاقاتیں کرےگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کے دورہ روس کا مقصد تعلیم اور سائنس کےشعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔

کراچی میں روسی قونصل جنرل آندرے فیدروف نے کہا کہ ہم تعلیمی شعبے میں پاکستانی شراکت داروں کی دلچسپی کاخیرمقدم کرتےہیں، سب سےقیمتی چیزانسانی اثاثہ ہے، اس میں سرمایہ کاری بڑھائی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے، ان کی توانائیاں بےبہا ہیں، ہماری عوام کیلئے یہ انتہائی اہم ہےکہ نوجوانوں کی ان توانائیوں سے مستفید ہوں۔

قونصل جنرل نے کہا کہ روسی جامعات میں اس وقت پچاس پاکستانی طلبہ کیلئے مفت تعلیم کا کوٹہ مختص ہے تاہم اس کوٹے میں اضافہ کیے جانے پر غور جاری ہے جس میں جلد پیشرفت متوقع ہے۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل صوبے کی تین جامعات کے وائس چانسلرز کے ساتھ روس کا یہ دورہ ایسے وقت کررہے ہیں جب فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کرنیوالے طالب علموں پر امریکا کی جامعات میں کارروائیاں کی جارہی ہیں اوربعض کا ویزا منسوخ کرکے انہیں ڈی پورٹ کیا جارہا ہے۔

Related posts

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ