خان اکیڈمی کا پاکستان میں اساتذہ کو اے آئی ٹولز کے ذریعے تربیت کی فراہمی کا معاہدہ

خان اکیڈمی پاکستان نے کیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت دونوں ادارے مل کر خانمیگو (Khanmigo) کا پائلٹ پروگرام شروع کریں گے۔

یہ پروگرام پاکستان میں موجود کیئر فاؤنڈیشن کے اسکولوں میں اساتذہ کو جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس کرے گا تاکہ تدریس کا معیار بہتر بنایا جا سکے۔

کیئر فاؤنڈیشن گزشتہ 30 سالوں سے تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے اور اس وقت ملک بھر میں 1100 اسکولوں کو سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔

اس شراکت کے ذریعے اساتذہ کو Khanmigo AI جیسے جدید ٹولز فراہم کیے جائیں گے جو نہ صرف سبق کی منصوبہ بندی میں مدد دیں گے بلکہ بچوں کی دلچسپی اور سیکھنے کے عمل کو بھی بہتر بنائیں گے۔

مسز سیما عزیز، بانی و چیئرپرسن کیئر فاؤنڈیشن نے کہا کہ یہ شراکت ہماری اُس سوچ کی عکاسی کرتی ہے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم تک برابر رسائی حاصل ہونی چاہیے۔ Khanmigo جیسے AI ٹولز کے ذریعے ہمارے اساتذہ مزید مؤثر انداز میں پڑھا سکیں گے اور بہتر نتائج لا سکیں گے۔

خان اکیڈمی پاکستان کے سی ای او ذیشان حسن نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ کیئر فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر پاکستان میں Khanmigo کا پائلٹ متعارف کروا رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ ٹول ہمارے اساتذہ کی روزمرہ تدریس میں مدد دے گا اور نئی نسل کے سیکھنے کے سفر کو بہتر بنائے گا۔

یہ پائلٹ پروگرام پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں AI کے مثبت استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے، اگر کامیاب رہا، تو یہ شراکت ملک بھر کے اسکولوں میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی راہ ہموار کرے گی، جس سے سیکھنے اور سکھانے کا معیار بہتر ہو گا۔

Related posts

سینیٹ قائمہ کمیٹی اجلاس میں عابد شیر علی اور ایمل ولی خان کے درمیان تلخ کلامی

محسن نقوی کے ’’عوام کی مرضی‘‘ کے بیان نے نئے صوبوں کے قیام پر آئینی سوالات اٹھا دیے

میر رضا قتل کیس میں اہم فارنزک پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا