بھارتی ناظم الامورکی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے جوابی فیصلوں سے تحریری آگاہ کردیا

اسلام آباد:  دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کے ناظم الامور گیتکا سری واستو کو  طلب کرکے بھارتی اقدامات پر شدید احتجاج کیا اور  ہائی کمیشن میں موجود ناپسندیدہ شخصیات کی فہرست تھمادی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی ہائی کمیشن میں بھارتی بری، بحری اور فضائی اتاشیوں کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا ہے۔ بھارت کے بری، بحری اور فضائی اتاشیوں کو فوری طور پر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے فوجی اتاشیوں کے ساتھ ان کے عملے کو بھی ملک چھوڑنےکا حکم دیا گیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کو اپنے جوابی فیصلوں سے تحریری آگاہ کردیا۔ بھارتی ناظم الامور کو سفارتی تعلقات نچلی سطح پر لانےکےفیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  بھارتی ہائی کمیشن کے عملےکو 30 افراد تک محدود کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ تمام بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کے فیصلے سے  آگاہ کیا گیا۔ بھارتی ناظم الامور کو واہگہ بارڈر  بند کرنے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ بھارت کو تمام بھارتی کمرشل پروازوں کے لیے فضائی حدود بندکرنےکے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو  یکطرفہ قرار دیا گیا۔ بھارت کو شملہ و دیگر  پاک بھارت معاہدے معطل کرنے کے امکانات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ پاک بھارت تجارت بشمول بالواسطہ تجارت کی معطلی کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Related posts

حکومت کی جانب سے ملک کو سود سے پاک مالیاتی نظام کی طرف منتقل کرنے کے لیے تیار کی گئی حکمت عملی

سانحہ کاہنہ کے بعد صوبے میں خستہ حال اور کمزور گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے بڑا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ملاقات