کراچی سے 2 امریکی ہیلی کاپٹرز کا بھارتی شہر احمد آباد تک سفر، مسافر کون تھے؟

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگردی کے واقعہ اوربھارتی الزام تراشی کے بعد دونوں ممالک میں سخت کشیدگی ہے اور جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ 

دونوں ملکوں نے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں اور ایسے میں اتوار کی سہ پہر 2 امریکی ہیلی کاپٹرز نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بھارتی شہر احمد آباد کا سفر کیا۔ 

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امریکی رجسٹریشن کے حامل 2 ہیلی کاپٹرز اتوار کی دوپہر ایک بجے بحیرہ عرب پر نچلی پرواز کرتے ہوئے شارجہ سے پہنچے، ویسٹ اسٹار ایوی ایشن اور پرائیویٹ ملکیت کے دونوں لیونارڈو اے ڈبلیو 139ہیلی کاپٹرز لگ بھگ 2 گھنٹے تک کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر موجود رہے۔ 

اس کے بعد سہ پہر لگ بھگ 3بجے دونوں ہیلی کاپٹر کراچی سے بدین کی طرف روانہ ہوئے اور 9 ہزار فٹ کی بلندی سے سفر کرتے ہوئے سندھ کے شہر چوہڑ جمالی کے قریب سے بھارت میں داخل ہوئے۔ 

اے ٹی سی ذرائع کے مطابق بھارت میں داخل ہوتے ہی دونوں ہیلی کاپٹرز 11ہزار فٹ کی بلندی پر چلے گئے اور دونوں ہیلی کاپٹروں نے بھارتی شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔ 

رات گئے تک ہیلی کاپٹر احمد آباد میں ہی موجود تھے، ان ہیلی کاپٹرز میں مسافر کون تھے اور انہوں نے کس مقصد کے لیے کراچی اور پھر بھارت کا سفر کیا؟ فوری طور پر معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔ 

اس سلسلے میں ترجمان پاکستان ائیرپورٹ اتھارٹی سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی مگر رات گئے تک انہوں نے جواب نہیں دیا۔

Related posts

پنجاب حکومت 16 جون کو تیسرا بجٹ پیش کرے گی، کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں ہوگا: مجتبیٰ شجاع الرحمن

قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس مؤخر، ترقیاتی بجٹ کی منظوری میں تاخیر کا امکان

گلگت بلتستان کو نظر انداز کیا گیا، ہمارے علاوہ کسی جماعت نے یہاں ترقیاتی کام نہیں کیے، نواز شریف