آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی پر یوم تشکر، افواج پاکستان کو خراج تحسین

اسلام آباد: بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یو م تشکر منایا جا رہا ہے۔

یوم تشکر کے موقع پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آج مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائےگا جبکہ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔

ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنےکے لیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی اور نماز جمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کی جانے والی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیاروں کو گرایا اور پھر 10 مئی کو اپنی خود مختاری کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا جسے ناصرف دنیا نے تسلیم کیا بلکہ بھارت میں بھی اس حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

Related posts

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ