چین کا سی پیک فیز 2 پر اظہار اطمینان، علاقائی امن و استحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق

بیجنگ: پاکستان اور چین نے سرمایہ کاری، زراعت، صنعت،آئی سی ٹی میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ ای سے ملاقات ہوئی جس میں جنوبی ایشیا کی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں چین نے سی پیک فیز 2 پر اطمینان کا اظہار کیا اور  تیسرے فریق کی شمولیت پر باہمی رضامندی ظاہر کی جب کہ دونوں ممالک نے سرمایہ کاری، زراعت، صنعت،آئی سی ٹی میں تعاون بڑھانے اور علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور دفاع کے حق پر چین کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان چین کے کلیدی مفادات پر مکمل حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے۔

اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کا آہنی بھائی اور ہر موسم کا اسٹریٹیجک شراکت دار ہے، پاکستان کی خودمختاری کے دفاع میں ثابت قدمی قابل تعریف ہے۔

Related posts

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ