صدر اور وزیراعظم نےسیدعاصم منیرکو ’بیٹن آف فیلڈ مارشل ‘ سے نواز دیا

اسلام آباد: ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور  وزیراعظم  شہباز شریف نے  آرمی چیف سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، صدر ن لیگ میاں نواز شریف  سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، سروسز چیفس بھی موجود تھے۔

تقریب میں ارکان پارلیمنٹ،  غیر ملکی سفارت کار، سول اورعسکری حکام  کے علاوہ  چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنرز  بھی شریک ہوئے۔تقریب میں گلگت بلتستان کےگورنر اور وزیراعلیٰ بھی شریک ہوئے۔

سید عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا قابل فخر لمحہ ہے، صدر مملکت

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نےکہا کہ آج کی تقریب کا مقصد بہادرسپوتوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے،  پوری قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے۔ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینا قابل فخر لمحہ ہے، سید عاصم منیرکو فیلڈ مارشل کا اعزاز دینے کی منظوری پر مجھے بہت مسرت ہوئی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فرنٹ سے لیڈکیا، دشمن کے خلاف پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ تھی، وطن عزیز کے چپے چپےکا دفاع کرنا جانتے ہیں، ہمارے بھرپور جواب نے دنیا پر ہماری صلاحیتیں ثابت کردیں۔

کشیدہ صورتحال میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وزیراعظم

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم اپنے ہیروز کی خدمات کے معترف ہیں، بھرپور اور مؤثر جواب سے دشمن گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوا، ہماری عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف بےمثال اور تاریخی فتح حاصل کی، افواج پاکستان نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری عسکری قیادت نے دشمن کے خلاف بے مثال اور تاریخی فتح حاصل کی،کشیدہ صورتحال میں فیلڈ مارشل عاصم منیرکا جذبہ اور عزم مثالی تھا، وطن عزیز کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیرکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیےفیلڈ مارشل کا کردار نہایت اہم ہے۔

Related posts

ستھرا پنجاب پروگرام کے ورکرز اعلان کردہ دس ہزار روپے کے اعزازیے اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر سراپا احتجاج

پنجاب میں زرعی شعبے کا بڑا انقلاب، 10 لاکھ کسان کارڈز کا ہدف آخری مرحلے میں، 360 ارب روپے کے بلاسود قرضے جاری

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا