دیامر بھاشا ڈیم سے پانی کی دستیابی بڑھے گی مگر سستی بجلی کا حصول ممکن نہیں: وزیر توانائی

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہےکہ دیامر  بھاشا ڈیم سے پانی کی دستیابی بڑھے گی مگر سستی بجلی کا حصول ممکن نہیں ہوگا۔ 

اسلام آباد میں بجلی کے شعبے میں تبدیلیوں پر ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ حکومت سستی اور دستیاب بجلی بڑھانے کی کوشش کررہی ہے اور اس سلسلے میں حکومت کو  تمام ترقیاتی پارٹنرز کا تعاون دستیاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجلی کی خرید و فروخت سے نکالا جا رہا ہے، اس بات کو یقینی بنائیں گےکہ نجکاری سےصارفین کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم سے بجلی پیداوار کے لیے فنانسنگ دستیاب نہیں ہو رہی، ڈیم سے پانی کی دستیابی بڑھے گی مگر بھاشا ڈیم سے سستی بجلی کا حصول ممکن نہیں ہوگا جب کہ بھاشا ڈیم کی بجلی مہنگی بھی ہوگی۔

وزیر توانائی نے مزید کہا کہ 3 یا4 سال میں پاور سیکٹر لاسز کو ختم کرنا چاہتے ہیں، حکومت کے پاس گرڈ کی مکمل معلومات بروقت نہیں ہوتیں، پاکستان کو بنیادی لوڈ کے لیے کوئلہ اور گیس سے بجلی پیداوار بڑھانا ہوگی۔

اویس لغاری نے کہا کہ بلوچستان میں ٹیوب ویلزکو شمسی توانائی پرلانے سے سالانہ 60 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

Related posts

قصور میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس اسٹیشن کا افتتاح، منشیات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کا آغاز

دو خواتین کے مبینہ اغوا اور تاوان کیس پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں تفصیلی پریس کانفرنس

ایران اور امریکا کے درمیان جاری بالواسطہ مذاکرات کا اگلا دور 11 جولائی سے شروع ہونے کا امکان