عالمی برادری مسئلہ کشمیر اور فلسطین کا پُر امن حل یقینی بنائے: خواجہ آصف کا ایس سی او میں خطاب

بیجنگ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایس سی او کانفرنس سے خطاب میں عالمی برادری پر کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل کا پرامن حل یقینی بنانے پر زوردیا۔

وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایس سی اوکے اصولوں اور  مقاصد سے پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا جب کہ عالمی سطح پر جاری تنازعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

وزیر دفاع نے ایران کے خلاف اسرائیل کی بلاجواز اور غیرقانونی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی ، انہوں نے غزہ میں پرتشدد کارروائیوں اور انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ایس سی او کانفرنس سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پرمستقل جنگ بندی نافذ کی جائے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ حل طلب تنازعات کا پُرامن حل یقینی بنائے، ایسے حل طلب تنازعات عالمی امن و سلامتی کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ خطرہ ہے جس سے اجتماعی طور پر نمٹنےکی ضرورت ہے، تمام ریاستیں دہشتگردی کےخلاف مشترکہ کوششوں کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں، خطے کی پائیدار خوشحالی کے مشترکہ وژن کے حصول کےلیے پر امن اور مستحکم افغانستان ضروری ہے۔

Related posts

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے اپنی 138 سالہ تاریخ میں کارگو ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 5 کروڑ 46 لاکھ 85 ہزار ٹن کارگو ہینڈل کیا

ایران سے سستا تیل اور گیس درآمد کرنے پر غور، عوام کو مزید ریلیف دینے کی کوشش جاری: وفاقی وزیر پیٹرولیم

بغیر قانونی طریقہ کار پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کرنا غیر قانونی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ