کرکٹ میں مصنوعی ذہانت کا داخلہ، آئی سی سی نے پِچ رپورٹ کے لیے گوگل جیمنائی کا سہارا لے لیا

وشاکاپٹنم: کرکٹ کے میدان میں بھی مصنوعی ذہانت (AI) نے قدم رکھ دیا ہے، اور اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) نے پِچ رپورٹ کے لیے بھی مصنوعی ذہانت کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے دسویں میچ سے قبل بھارتی ویمن ٹیم کی سابق کپتان متھالی راج نے پِچ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس بار ان کے ساتھ گوگل جیمنائی (Google Gemini) بھی موجود ہے۔

متھالی راج نے اپنے موبائل فون پر جیمنائی کے لائیو ویژن فیچر کے ذریعے پِچ کو دکھایا اور کہا:

“ہم اے سی اے وی ڈی سی اے اسٹیڈیم، وشاکاپٹنم میں موجود ہیں۔ یہاں موسم گرم اور مرطوب ہے۔ بتاؤ، تم اس پِچ کے بارے میں کیا کہتے ہو؟”

جیمنائی نے پِچ کا تجزیہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ:

“یہ پِچ بیٹرز کے لیے سازگار لگ رہی ہے۔ پِچ ہموار اور سیدھی ہے جبکہ گھاس کم ہے۔ گرم اور مرطوب موسم کی وجہ سے گیند زیادہ سوئنگ نہیں کرے گی، اس لیے امکان ہے کہ میچ ہائی اسکورنگ ہوگا۔”

بعد ازاں متھالی راج نے بھی اپنے تبصرے میں کہا کہ وہ جیمنائی کے تجزیے سے متفق ہیں، اور بلاشبہ یہ پِچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، جس سے ایک ہائی اسکورنگ میچ متوقع ہے۔

خیال رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کا یہ دسویں میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ آئی سی سی نے باضابطہ طور پر پِچ رپورٹ میں مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا ہے — جس سے کرکٹ میں جدید ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔

Related posts

چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور گروک سمیت بڑے اے آئی ماڈلز کی سروسز بیک وقت متاثر، عالمی سطح پر صارفین پریشان

واٹس ایپ کا نیا اے آئی فیچر فراڈ چیٹس کی نشاندہی کیسے کرے گا؟ صارفین کو دھوکا دہی سے تحفظ ملے گا

دو دہائیاں قبل شاید ہی کسی نے تصور کیا ہو کہ ایک چھوٹی سی ڈیوائس انسان کی روزمرہ زندگی کے تقریباً ہر پہلو پر اس قدر گہرے اثرات مرتب کرے گی