وینزویلا میں انٹرنیٹ بحران، ایلون مسک کی اسٹارلنک نے مفت سروس فراہم کرنے کا اعلان

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی اسٹارلنک نے وینزویلا کے عوام کے لیے مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جسے حالیہ حالات میں ایک بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹارلنک کے مالک ایلون مسک نے وینزویلا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کمپنی محدود مدت کے لیے ملک میں مفت براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس فراہم کرے گی۔

اسٹارلنک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وینزویلا میں 3 فروری تک سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروس بالکل مفت دستیاب ہوگی۔ کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ وینزویلا کے ساتھ “مسلسل رابطے” کے لیے پُرعزم ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کو آن لائن سنسرشپ اور ڈیجیٹل بلیک آؤٹ کا سامنا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ماضی میں وینزویلا کی حکومت نے فیس بک، یوٹیوب، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی محدود یا بند کر دی تھی، جس سے عوام کو معلومات تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ فوجی کارروائیوں کے بعد وینزویلا کے دارالحکومت سمیت کئی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بند ہو گئی تھی، جبکہ متعدد علاقوں میں اب بھی رابطے کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل فلوریڈا میں ایک پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کرمنل چارجز عائد کرنے اور انہیں گرفتار کر کے نیویارک منتقل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی ہدایت پر وینزویلا میں ایک غیر معمولی فوجی آپریشن کیا گیا، جس میں امریکی فضائی، زمینی اور بحری افواج نے حصہ لیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ اقتدار کی منتقلی تک وینزویلا کا انتظام امریکا سنبھالے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وہاں کام کریں گی۔

اسٹارلنک کے اقدام کو موجودہ صورتحال میں وینزویلا کے عوام کے لیے ایک اہم ڈیجیٹل سہارا قرار دیا جا رہا ہے۔

Related posts

چیٹ جی پی ٹی، کلاڈ اور گروک سمیت بڑے اے آئی ماڈلز کی سروسز بیک وقت متاثر، عالمی سطح پر صارفین پریشان

واٹس ایپ کا نیا اے آئی فیچر فراڈ چیٹس کی نشاندہی کیسے کرے گا؟ صارفین کو دھوکا دہی سے تحفظ ملے گا

دو دہائیاں قبل شاید ہی کسی نے تصور کیا ہو کہ ایک چھوٹی سی ڈیوائس انسان کی روزمرہ زندگی کے تقریباً ہر پہلو پر اس قدر گہرے اثرات مرتب کرے گی