ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا

گلاسگو: پاکستان کے اسٹار جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ قومی ایتھلیٹ یاسر سلطان فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔

گلاسگو میں جاری مقابلوں کے کوالیفائنگ مرحلے میں ہر ایتھلیٹ کو تین تھروز کا موقع دیا گیا، تاہم کوئی بھی کھلاڑی 84 میٹر کا مقررہ کوالیفائنگ اسٹینڈرڈ حاصل نہ کر سکا۔ اس کے بعد بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ٹاپ 12 ایتھلیٹس کو فائنل کے لیے منتخب کیا گیا۔

ارشد ندیم نے اپنی بہترین کوشش میں 78.63 میٹر کی تھرو کی، جس کے ساتھ وہ مجموعی طور پر ساتویں پوزیشن پر رہے اور آسانی سے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔ پاکستانی شائقین کو اب فائنل میں ان سے ایک مضبوط اور بہتر کارکردگی کی امید ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے یاسر سلطان اپنی بہترین تھرو 74.36 میٹر تک ہی محدود رہے اور مجموعی طور پر 14ویں نمبر پر رہے، جس کے باعث وہ ٹاپ 12 میں جگہ نہ بنا سکے اور ان کا سفر کوالیفائنگ مرحلے پر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔

دیگر نمایاں کوالیفائرز میں بہاماس کے کیشون نے 78.60 میٹر، بھارت کے روہت یادیو نے 78.37 میٹر اور یش ویر سنگھ نے 78.36 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

اسی طرح ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے والکوٹ نے 78.26 میٹر جبکہ نائجیریا کے این نیمدی نے 75.27 میٹر کی تھرو کر کے فائنل راؤنڈ میں جگہ یقینی بنائی۔

فائنل مقابلے میں ارشد ندیم کی موجودگی پاکستان کے لیے میڈل کی امیدوں کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ شائقین کی نظریں اب فیصلہ کن مرحلے پر مرکوز ہیں، جہاں قومی ایتھلیٹ اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوڈیم پر جگہ بنانے کی کوشش کریں گے۔

Related posts

ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹروبا ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے 107 گیندوں پر 9 چوکے

اسپین کی تاریخی کامیابی کے بعد ٹیم کے نمایاں کھلاڑی Marc Cucurella ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے

فیفا ورلڈ کپ فائنل: گولڈن بوٹ کی دلچسپ جنگ، کیا لیونل میسی ایمباپے کو پیچھے چھوڑ سکیں گے؟